لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماو وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعے پر ریاست خود مدعی بنے ہمیں بحیثیت قوم عمرانی فتنہ سے نمٹنا ہوگا، عمرانی فتنہ کو اب ختم کرنا ہوگا اورریاست کو اس کا مدعی بننا پڑے گا، اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ،عمران خان انتشار و فساد پیدا کرکے خون ریزی کرنا چاہتا ہے ،وزیراعظم سے گزارش ہے کہ قوم کی آواز بنیں ،تمام مکاتب فکر کے علما کرام کو اکٹھا کر کے عمرانی فتنہ کو کرش کرنا ہو گا،مقدس مقامات کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،کرپشن کے خلاف جہاد کی رٹ لگانے والے عمران خان فرح گوگی کی اتنی حمایت کیوں کررہے ہیں، عمران خان اب سازش کا چورن بیچنا بند کریں حکومت کی ذمے داری ہے کہ عمرانی فتنہ سازش جہاں سے تیار ہوئی خفیہ ہاتھ قوم کے سامنے بے نقاب کیے جائیں۔لاہور میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جس طرح مسجد نبوی ؐ کا تقدس پامال کیا گیا اس پردنیا بھر کے مسلمانوں کے دل انتہائی دکھی ہیں، اس پر ہر کلمہ گو پریشان ہے ۔ مسجد نبوی ؐ میں جو کیا گیا اس سے ہمارے جذبہ ایمانی اور دین سے کھیلاگیا ،میرا مقصد کسی کو اکسانہ نہیں ہے ،صحابہ کرامؓ سے تقابلی جائزہ لیا جاتا رہا لیکن اب یہ سلسلہ نعوذ باللہ انبیا کرام تک پہنچ گیا،پشاور کنونشن میں جو باتیں کی گئیں ان کا ذکر نہیں کر سکتا، مدینہ منورہ میںجو کچھ ہوا اس پر بھی خوشی کااظہار کیاگیا،پی ٹی آئی کے لوگوں نے مقدس مقام پر اونچی زبان میں بد زبانی کی ،مارکٹائی کی ، یہ سب کچھ شیخ رشید اور ان کے ساتھیوں نے منصوبہ بندی سے کیا ہے۔شیخ رشید نے ایک دن پہلے خود کہا کہ جب (ن)لیگ کے لوگ وہاں جائیں گے تو دیکھیں ان کے ساتھ کیا ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میرا انفرادی طو رپر خیال ہے کہ عام لوگوں کی جانب ے مقدمات کرانے کے بجائے ریاست خود اس واقعے کی مدعی بنے اور ملوث افراد کوقوم کے سامنے لایا جائے،عمران خان ایک فتنہ ہے اگر اسے نہ روکا گیا تو گھروں میں آگ لگ جائے گی۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف اس اقتدار کے رسیا کو روکیں ، اس نے ملکی معیشت سے کھیلنے کے ساتھ ساتھ ہمارے عقیدوں سے بھی کھیلنا شروع کر دیا،اس عمرانی فتنے کو بے نقاب کرنا حکومت وقت کی ذمے داری ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر داخلہ نے جو بات کی وہ بھی درست ہے لیکن لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ، کچھ نے قانون کادروازہ کھٹکھٹایالیکن گلی کوچوں میں جو حالات ہیں یہ فتنہ بہت بڑا فساد برپا کرے گا،عمران خان کا دین کے حوالے سے علم انتہائی محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ بات نہیں کہنا چاہتا کہ کل کس طرح فرح بی بی کی وکالت کی گئی، اربوں کھربوں کے کرپشن کے تانے بانے بنی گالا سے کیسے ملتے ہیں ،فرح بی بی کسی قسم کا عہدہ نا ہونے کے باوجود بڑی با اختیار تھی، اس کا بشریٰ بی بی سے کیا رشتہ تھا؟ ۔