لندن (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں سے مشورہ کریں گے اور مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ عمران خان کو آنے دینا ہے یا نہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان 20 لاکھ بندے نہیں لاسکتے۔ لندن میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہماری پارٹی کے سپریم ہیڈ ہیں، کل اہم امور پر مشاورت ہوئی تھی، بات چیت آج بھی جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کررہے ہیں اور وہ مبینہ طور پر اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں، انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنا ہماری ترجیح ہے، جس کیلیے فوری فیصلہ سازی کی ضرورت ہے۔