جعفرآباد: مجلس وحدت المسلمین نے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے انجنیئر عبدالمجید بادینی پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا مجلس وحدت المسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈیرہ اللہ یار کے دورے کے دوران انجنیئر عبدالمجید بادینی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان ملک بھر میں عوام کی حقیقی جمہوریت کا خواہاں ہے سیاست سے سرمایہ دار جاگیردار اور اشرافیہ طبقے کی اجارہ داری کے خاتمے کے لیے غریب اور متوسط طبقے سے نمائندوں کا انتخاب کرکے ایوانوں میں بھیجنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
عوام کی اکثریت کا تعلق متوسط اور مڈل کلاس طبقے سے ہے تاہم بدقسمتی سے گزشتہ 75 سالوں سے حق حکمرانی سرمایہ دار جاگیردار اور اشرافیہ طبقے کے ہاتھوں یرغمال ہے یہی وجہ ہے عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے ان میں مزید اضافہ ہوتا رہتا ہے اور عوام حق حکمرانی تو درکنار اپنے مسائل کے حل کے لیے پریشان اور دربدر بھٹکتے رہتے ہیں بلدیاتی انتخابات کا مقصد اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور حق حکمرانی عوام کے ہاتھ میں دینا ہوتا ہے یہاں معاملہ یکسر مختلف ہے بلدیاتی انتخابات میں بھی جاگیردار سرمایہ دار اور اشرافیہ طبقہ یکجا ہو کر غریب کے خلاف میدان میں کھڑے ہیں۔
تاکہ کوئی غریب منتخب نہ ہوسکے مجلس وحدت المسلمین کسی جاگیردار سرمایہ دار اور اشرافیہ طبقے کی بجائے عوام کی حقیقی خدمت کرنے والوں کے ساتھ ہے ڈیرہ اللہ یار میں مجلس وحدت المسلمین مکمل طور پر انجنیئر عبدالمجید بادینی کی حمایت کا اعلان کرتی ہے ہمارے ذمہ داران ورک مہم میں بھی انجنیئر عبدالمجید بادینی کے شانہ بشانہ ہونگے اس موقع پر انجنیئر عبدالمجید بادینی، مٹھا خان بادینی اور عزیز اللہ بگٹی نے علامہ مقصود علی ڈومکی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ کامیاب ہو کر عوام کی خدمت بلا تفریق جاری رکھیں گے۔