ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بیواؤں کو انشورنس کی رقم  ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد: صدر عارف علوی نے اسٹیٹ لائف  کو 10 سال سے منتظر بیواؤں کو انشورنس کی رقم  کی ادائیگی کا حکم  دے دیا ۔  اپنے حکمنامے میں انہوں نے کہا اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن فائر بریگیڈ  ڈیپارٹمنٹ، ملتان کے فائر مینوں  کی بیواؤں کو گروپ انشورنس ادا کرے۔ 

انہوں نے کہا افسوس کا مقام ہے کہ غریب بیواؤں کو 10 سال تک انشورنس کی  رقم ادا نہیں کی گئی۔ بیواؤں کو گروپ انشورنس کی ادائیگی سے انکار  غیر منصفانہ  عمل اور بدانتظامی ہے۔ انہوں نے کہا یہ رویہ کمپنی کی ساکھ پر بدنما دھبہ ، آئین ِ پاکستان کے اصولوں کیخلاف ہے۔ 

صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ لائف کی اپیل بھی مسترد کردی ۔ صدر مملکت کی جانب سے بیواؤں کو گروپ انشورنس  کی رقم ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے۔  صدر نے  متعلقہ قوانین کے تحت  ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی، 30 دن میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

واضع رہے  مختار مائی، نوراں مائی، نسیم مائی اور عذرا بی بی کے شوہر دوران سروس انتقال کر گئے تھے، بیواؤں نے اپنے شوہروں کی گروپ انشورنس کی رقم کیلئے اسٹیٹ لائف کو درخواست دی تھی۔ رقم نہ ملنے پر انہوں نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا، جس نے انشورنس کلیمز دینے کے احکامات جاری کیے ۔ اسٹیٹ لائف نے محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر کے پاس ایک درخواست دائر کی تھی۔ گروپ انشورنس کی کٹوتی متوفی شوہروں کی تنخواہ سے باقاعدگی سے کی جاتی تھی۔

ریکارڈ سے پتہ چلا کہ حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا۔ پنجاب کی تمام مقامی حکومتوں کے ملازمین  معاہدے کے تحت گروپ انشورنس کے حقدار ہیں۔ حقائق کا جائزہ لینے کے بعد، صدر  مملکت نے کمپنی کی درخواست کو مسترد کردیا۔ جاں بحق ہونے والے  فائر مین میٹروپولیٹن کارپوریشن، ملتان کے ریگولر ملازم تھے۔ 

صدر مملکت  نے کہا  ملازمین نے سروس کے دوران بنیادی تنخواہ کے سکیلز کے مطابق ماہانہ پریمیم ادا کیا۔ شکایت کنندگان نے انشورنس کمپنی کو تمام مطلوبہ دستاویزات بھی فراہم کی۔ انشورنس کمپنی کا موقف غلط، بے بنیاد، بلاجواز ہے، لہٰذا قبول نہیں کیا جاسکتا۔ کمپنی معاہدہ کے تحت شکایت کنندگان کو گروپ انشورنس کلیمز ادا کرنے کی پابند ہے۔ اسٹیٹ لائف انشورنس  بیواؤں کو ان کے شوہروں کی انشورنس کی رقم ادا کرے ۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں