اسلام آباد: ایوان بالا کو وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ نیب کو ختم کرنے کا اختیار پارلیمنٹ کو حاصل ہے حکومت کسی بھی آئینی ادارے کو ختم نہیں کرسکتی ہے اداروں کی بہتری کیلئے اپوزیشن سمیت تمام اراکین اپنی سفارشات پیش کریں۔سینیٹ اجلاس میں دوران وفقہ سوالات کے دوران سینیٹر بہرہ مند تنگی نے ضمنی سوال کرتے ہوئے کہاکہ جب ملک میں کرپشن میں کمی کی بجائے اضافہ ہوا ہے تو نیب کو بند کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑکا کہنا تھا کہ کسی بھی قانون یا ادارے کو ختم کرنے کا اختیار پارلیمنٹ ہائوس کو حاصل ہے، سپریم کورٹ نے بھی نیب کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں نیب کو ختم کرنا حکومت کے اختیار میں نہیں ہے اس ایوان میں نیب کو ختم کرنے کے حوالے سے بل لے کر آئیں، تشہیر سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے وزارت تمام اداروں کو یہ ہدایات جاری کرے گی کہ وہ تشہیر کی بجائے کام پر توجہ دیں۔
سینیٹرسعدیہ عباسی نے کہاکہ نیب ایک بدنام ادارہ ہے اور ہماری حکومت اس نیب کو ختم کرے اس نے ملک کو کچھ نہیں دیا اور اس ملک میں بیوروکریٹس اور دیگر اداروں کو کام کرنے سے روکا ہے انہوں نے کہاکہ نیب کا ادارہ کرپشن روکنے میں ناکام ہوچکا ہے اور خود کرپٹ ادارہ بن چکا ہے آج ہر ادارے میں کرپشن زوروں پر ہے میری حکومت سے گزارش ہے کہ اس ادارے کو ختم کیا جائے ۔
وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ادارے کو ختم کرے تاہم حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں ہے، اس ادارے کے ہاتھوں انسانی حقوق کی شدید پامالی ہورہی ہے ادارے کی اصلاح کی کوشش کرنی چاہیے۔