واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو امریکا عسکری مداخلت کرکے اس کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کو جزیرے پر طاقت کے ذریعے قبضہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بیان کسی بھی امریکی صدر کی طرف سے چین اور تائیوان کے تنازع پر اب تک کا سخت ترین بیان ہے۔ ادھر تائیوان کی وزارت خارجہ نے اس حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تائیوانی وزارت خارجہ کے مطابق ان کا ملک امریکا کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون میں مزید اضافہ کرے گا۔دوسری جانب امریکی صدر 2روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے جاپانی وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس دوران جو بائیڈن اور وزیراعظم فومو کشیدانے خطے میں بڑھتے ہوئے چین کے اثرورسوخ کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ جاپان ایک اہم عالمی رہنما ہے جس کے دفاع کے لیے واشنگٹن پوری طرح پرعزم ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاپان کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی حمایت بھی کی تھی۔ اس کا مقصد بھی چین کے خلاف جاپان کے دفاع کو مضبوط کرنا تھا ۔