اسلام آباد: تحریک انصاف کے مظاہرے میں درخت جلانے کا معاملہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کر لی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق شیری رحمن نے کہا کہ تشویشناک بات ہے کہ ایک سیاسی مظاہرے میں اسلام آباد کے درخت جلائے گئے، درخت ہمارے شہر کے پھیپھڑے ہیں، درختوں کو جلانا شہر اور شہریوں کے خلاف ایک جرم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کی ہے کتنے درخت جلانے گئے اور شہر کے ماحولیاتی نظام کو کیا نقصان ہوا ہے، پرامن مظاہر کرنا سب کا جمہوری حق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پیپلز پارٹی نے 10 دن کا کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ کیا، ایک گملا نہیں ٹوٹا، انہوں نے پہلے سے کہا کہ مظاہرے میں خون خرابہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جس نے بھی درخت جلائے ہیں ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔