حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)مسلح ملزمان نے وین میں سوار 17مسافروںکو لوٹ لیا، پولیس نے مختلف علاقوںسے موٹرسائیکل چور اور مین پوری فروش سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بڈھانی کی حدود لطیف شاہ اسٹاپ کے قریب وین میں سوار4 مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر وین میں سوار17 مسافروں سے 15موبائل فون اور نقدی لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے ۔بلدیہ پولیس نے قومی شاہراہ کے قریب سے مین پوری سپلائرز محمد سلیم ملک اور محمد نعمان ملک کو خام مال سے بھری کار سمیت گرفتار کرلیا ،ملزمان کی کار سے دوران تلاشی متعدد کٹوں میں 420 کلو خام مال اور 160 تیار شدہ مین پوری برآمد ہوئی، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ خام مال مین پوری حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے کیلیے لے جارہے تھے،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب حالی روڈ پولیس نے موٹر سائیکل چور گروہ کے کارندے ریاض لاشاری کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے برآمد موٹر سائیکل چوری شدہ نکلی، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔