فیصل آباد: جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر سردار ظفرحسین خان نے کہا ہے کہ اگر کسی بنک نے سود پروفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل کرنے کی کوشش بھی کی تو پوری قوم اس بنک کا بائیکاٹ کرے گی۔ اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جانا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی ناراضگی کا باعث بنے گا۔ حکمران اللہ اور اس رسول کے ساتھ سود کی شکل میں جاری جنگ ختم کریں ورنہ حکمرانوں کے خلاف بھی جنگ ہو گی۔انہوں نے کہا کہ سودی نظام کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔
وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کو پاکستان کی طاقت بنایا جائے ۔ سودی کاروبار سے رحمتیں نہیں بلکہ مصیبتیں نازل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سود کی لعنت نے ملک اور ہماری نسلیں تباہ کر دی ہے۔ ہمارے پاس زکوة اور عشر کا بہترین نظام موجود ہے۔اس وقت ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اگر ہم زکوٰ ة کا نظام شروع کر دیں تو یہ تعداد کروڑوں تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چند سالوں میں قرض کی مد میں چوبیس ارب ڈالر سودادا کیا۔سودی قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ ملک میں ہر پیدا ہونے والا بچہ لاکھ اسی ہزار کا مقروض ہوتا ہے۔ خود اعتمادی، خود داری، قومی وسائل کی دیانت دارانہ تقسیم جیسے مسائل کا واحد حل اسلام کا معاشی نظام ہے۔ حکومت ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے۔ قیام پاکستان کے مقاصد کے مطابق اسلام کے مکمل نظام کی جانب لوٹ آئیں۔