ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

رکنِ قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

رکنِ قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ہیں۔ وہ سیاست کے ساتھ ساتھ مختلف ٹی وی چینلز پر میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتے رہے تھے۔

وائس آف امریکہ کے محمد ثاقب کے مطابق آغا خان اسپتال کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ عامر لیاقت حسین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

ریسکیو ادارے چھپیاکے ترجمان نے بھی وائس آف امریکہ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح عامر لیاقت کو ان کی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں ہی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی موت کی وجوہات سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ایس ایس پی رحیم شیرازی کے مطابق متوفی کے پوسٹ مارٹم کے لیے خاندان کی رضا مندی ضروری ہے اور اب تک خاندان کے کسی فرد نے رابطہ نہیں کیا۔

ان کے بقول اگر عامر لیاقت کے خاندان کی جانب سے پوسٹ پارٹم نہیں کرایا جاتا تو پولیس موت کی وجہ جاننے کے لیے خود پوسٹ مارٹم کرائے گی۔

پولیس نے عامر لیاقت حسین کی رہائش گاہ کا معائنہ بھی کیا ہے جب کہ ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی ہے۔

پولیس حکام نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ عامر لیاقت کے ملازمین کے مطابق متوفی کو بدھ کی شب سینے میں درد ہوا تھا اور اصرار کے باوجود وہ اسپتال نہیں گئے۔


پولیس کے مطابق ملازمین کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے کمرے سے چیخوں کی آواز بھی سنائی دی تھی جس کے بعد جب کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا جس پر ملازم جاوید نے پولیس کی ہیلپ لائن پر فون کر کے پولیس کو مطلع کیا۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال کی خبر نشر ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اسمبلی اجلاس جمعے کی شب پانچ بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین 2018 کے عام انتخابات میں تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر کراچی سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن انہوں نے پارٹی قیادت سے راہیں جدا کر لی تھیں۔

عامر لیاقت نے حال ہی میں ٹک ٹاکر سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کی تھی۔ بعد ازاں جوڑے کے درمیان اختلافات کے بعد دانیہ نے عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

عامر لیاقت کا میڈیا کریئر

عامر لیاقت حسین کا شمار پاکستان کے نامور ٹی وی چینل جیو کے بانی ارکان میں ہوتا ہے جہاں انہوں نے مذہبی پروگرام عالم آن لائن سے ٹی وی اسکرین کا سفر شروع کیا۔ اس کے علاوہ ایک عرصے تک وہ جنگ اخبار میں ‘لاؤڈ اسپیکر’ کے عنوان سے کالم بھی لکھتے رہے تھے۔

عامر لیاقت نے 2010 میں جیو ٹی وی کو خیرباد کہہ کر اے آئی وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک جوائن کیا جہاں انہوں نے ‘عالم اور عالم’ پروگرام کی میزبانی کی۔بعدازاں 2012 میں انہوں نے ‘پہنچان رمضان’ کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کی۔

عامر لیاقت 2014 میں دوبارہ جیو ٹی وی سے وابستہ ہوئے اور انہوں نے ‘انعام گھر’ کے نام سے گیم شو کیا۔ ان کے اس منفرد پروگرام نے جہاں مقبولیت حاصل کی وہیں دیگر چینلز نے بھی گیم شوز کو اپنایا۔

عامر لیاقت بول ٹی وی سے ٹاک شو ‘ایسے نہیں چلے گا’ کی میزبانی بھی کرتے رہے تھے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں