کراچی:شادی ہالز مالکان نے رات دس بجے ہالز بند کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی جیسے شہر میں شادی ہالز جلد بند کرنے کا فیصلہ انتہائی غیر سنجیدہ ہے۔تفصیلات کے مطابق شادی ہالز رات دس بجے بند کئے جانے کے حوالے سے شادی ہالز ایسوسی ایشن کے کمشنر کراچی، صوبائی وزیر صنعت، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور پولیس چیف سے مذاکرات ناکام ہوگئے اور شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے ہالز رات دس بجے بند کرنے کے فیصلہ کو یکسر مسترد کریا۔
اس حوالے سے شادی ہالز مالکان کا کہنا ہے کہ دو سالوں سے ہم نے مشکل وقت دیکھا ہے، ہم نے کورونا کے دور میں بھی حکومت کا ساتھ دیا، شادی ہال کا ٹائم 10 بجے کرنا غیر سنجیدہ فیصلہ ہے، پنجاب اور سندھ کے شادی ہالز کے اوقات کار الگ الگ ہیں، پچھلے 18 سال سے پنجاب میں شادی ہالز میں 10 بجے کے اوقات ہیں، کراچی کا طرز زندگی دیگر شہروں سے مختلف ہے، تمام چیزوں کے اوقات کار رات 10 بجے کم کرنے سے نظام درہم برہم ہوجائے گا، کراچی میں ٹریفک جام روز کا معمول ہے، ایسے میں وقت پر شادی ہال پہنچنا نہ ممکن ہے، کراچی کے اندر شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کے حکم پر نظرثانی کی جائے، ہماری اپیل ہے کہ شادی ہالز کے اوقات رات 12 بجے تک کیے جائے۔
سندھ میں شادی ہالز کے رات 10 بجے کرنے کا فیصلہ پہلے بھی کامیاب نہیں ہوا، شادی ہالز میں پروگرام دو گھنٹے پہلے ہو یا دو گھنٹے بعد میں توانائی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شادی ہالز کے کاروبار سے 50 انڈسٹریز وابستہ ہیں، ہم پہلے ہی کوویڈ کے نقصان سے باہر نہیں نکلے ہیں، شادی کی تقریب میں آنے والے مہمان اپنے گھر کی بجلی بند کر کے آتے ہیں، شادی کی تقریب میں شریک 100 سے زائد خاندان ایک جگہ جمع ہوتے ہیں، اس طرح 100 سے زائد خاندان اپنے گھروں میں بجلی کی بچت کرتے ہیں۔