کراچی: اسپتال میں میری جان کو خطرہ ہے ،براہ کرم مجھے جیل بھجوا دیں، یہ در خواست وزیرستان سے منتخب رکن قومی اسمبلی علی وزیر نے حکام سے کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علی وزیر کا کہنا ہے کہ یہاں ہسپتال میں مجھ پر دو حملے ہوئے ہیں۔ پہلا حملہ اس وقت ہوا جب میں یہاں پہنچا ہی تھا اور ایک دوسرا بعد میں ہوا۔ میں اِن سے کہتا ہوں کہ مجھے واپس جیل بھیجا جائے کیونکہ میں یہاں پر غیر محفوظ ہوں۔ دوسری بات یہ ہے کہ میرے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے ہیں، اگر آپ لوگ کہتے ہیں کہ جیل نہیں تو پھر پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد کرتے ہوئے مجھے بجٹ اجلاس میں بھیج دیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھی رکن قومی اسمبلی علی وزیر یہ دعویٰ اور درخواست کرتے نظر آرہے ہیں۔اس ویڈیو میں وہ کراچی کے جناح ہسپتال کے احاطے میں اس مطالبے کے ساتھ احتجاج کرتے نظر آ رہے ہیں کہ انہیں اسلام آباد میں جاری قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جانا ہے، اس لیے انھیں ہسپتال سے چھٹی دی جائے۔
یاد رہے کہ رکن اسمبلی علی وزیر سکیورٹی اداروں پر تنقید اور اشتعال انگیز تقاریر کے ذریعے عوام کو اُکسانے جیسے الزامات کے تحت کراچی جیل میں قید ہیں۔