کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے سندھ میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے والے عمل کی مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو یوم احتجاج اور کراچی سمیت سندھ میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر دھرنوں کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی امیرکا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرز سمیت انتخابی مہم پرقومی دولت اورعوام کے کروڑوں روپے خرچ ہوچکے ہیں،تمام انتظامات کے باوجود انتخابات ملتوی کرنا تشویش ناک عمل ہے،ایسا الیکشن کمیشن جو حکومت کے دباؤ میں آکر انتخابات ملتوی کرے اس کی عوام کے سامنے کوئی وقعت نہیں ہوتی۔ سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جیکب آباد، نواب شاہ، لاڑکانہ میں شدید گرمی کے باوجود مقررہ وقت پر کرائے گئے مگر اب بارش کا بہانہ بناکر دوسرے مرحلے کے انتخابات کو ملتوی کرنا الیکشن کمیشن کی نااہلی ہے۔