اسلام آباد: وفاقی حکومت نے محمد عامر ذوالفقار خان کو انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر ذوالفقار ان دنوں ڈپٹی ڈی جی اینٹی نارکو ٹکس فورس کے عہدے پر فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ اس سے قبل وہ آئی جی نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنزسی پی او پنجاب لاہور کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد عامر ذوالفقار کا شمار پنجاب پولیس کے انتہائی پروفیشنل، ایماندار اور تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے۔ وہ پولیس سروس کے واحد آفیسر ہیں، جنہوں نے بطور اے ایس پی ، پولیس کے دونوں بڑے میڈلز، قائد اعظم پولیس میڈل اور پاکستان پولیس میڈل حاصل کر لیے تھے۔
انہوں نے 1991 میں بطوراے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی۔ ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے انیسو یں کامن سے ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ایس ایس پی ایڈمن اسپیشل برانچ پنجاب اورایس ایس پی اسپیشل برانچ لاہور ریجن عہدوں پر فرائض سر انجام دیے۔
محمد عامر ذوالفقار نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی اوملتان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنزسی پی او پنجاب لاہور اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز سی پی او پنجاب لاہورکے عہدوں پر فرائض ادا کیے۔ محمد عامر ذوالفقار، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور فیڈرل گورنمنٹ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
