لتھوانیا، لٹویا اور ایستونیا کے وزرائے خارجہ نے جرمنی سے اپیل کی ہے کہ یوکرین کو لیپرڈ ٹینک فراہم کئے جائیں۔
تینوں ممالک کے وزراء نے ٹویٹر سے مشترکہ بیان سے متعلق انگریزی میں پیغام جاری کیا ہے۔
لتھوانیا کے وزیر خارجہ گیبریلس لینڈ برگیس ، لٹویا کے وزیر خارجہ ایڈگارڈس رنکیوکس اور ایستونیا کے وزیر خارجہ اُرماس رینسالو نے جاری کردہ پیغام میں یوکرین کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ ہم جرمنی سے اپیل کرتے ہیں کہ یوکرین کو لیپرڈ ٹینک فراہم کئے جائیں۔ روسی جارحیت کو روکنے، یوکرین کی مدد کرنے اور یورپ میں زیادہ سرعت کے ساتھ قیامِ امن کے لئے یوکرین کے پاس ان ٹینکوں کا ہونا ضروری ہے۔ یورپ کی معتبر قوّت کی حیثیت سے جرمنی پر اس معاملے میں خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں”۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں اس وقت تقریباً 2 ہزار 670 لیپرڈ ٹینک ہیں جو مختلف افواج کے پاس ہیں۔ تقریباً 64 ٹن وزنی یہ ٹینک 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے حرکت کرنے اور 120 ملی میٹر توپ گولے کے ساتھ 5 ہزار میٹر تک مار کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پولینڈ اور فن لینڈ جیسے یورپی اتحادیوں نے یہ ٹینک بھیجنے کے لئے تیار ہونے اور اس کے لئے جرمنی کی اجازت کے منتظر ہونے کا ذکر کیا تھا۔
واضح رہے کہ لپیرڈ ٹینک جرمنی بناتا ہے اور یوکرین جیسے کسی اور ملک کو ٹینکوں کی فراہمی کے لئے جرمنی کی اجازت ضروری ہے۔