اسلام آباد:وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن)سے تعلق رکھنے والے پانچ اراکین قومی اسمبلی کو معاون خصوصی تعینات کردیا۔
جن اراکین قومی اسمبلی کو معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے ان میں رائو محمد اجمل خان، مس شائستہ پرویز ملک،چوہدری حامد حمید، قیصر احمد شیخ اور ملک سہیل احمد خان کمڑیال شامل ہیں۔ تمام معاونین خصوصی کا اعزازی طور پرتقررکیا گیا ہے۔ تمام معاونین خصوصی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہو گا۔ پانچوں معاونین خصوصی کی تقرری فوری طور پر نافذالعمل ہو گی۔ معاونین خصوصی کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔
نوٹیفکیشن ڈپٹی سیکرٹری کابینہ ڈویژن مریم ممتاز بٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ۔ واضح رہے نئے معاونین خصوصی کی تقرری کے بعد وفاقی کابینہ کے اراکین تعداد 83ہو گئی ، جن میں سے 34وفاقی وزرائ، سات وزراء مملکت، چار مشیر اور38معاونین خصوصی شامل ہیں۔
