لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کو اشیاء ضروریہ بجلی، گیس، پیٹرول،آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیو ں پر ریلیف فراہم کیا جائے۔
ضیاالدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ نااہل حکومت کے منی کے بجٹ اور بے تحاشہ ٹیکسز نے عوام کی کمرتوڑ دی ہے۔ منی بجٹ اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب کا چولہہ ٹھنڈا کردیا ہے ۔ ملک و قوم کو قرضوں کی نہیں بلکہ دیانتدارقیادت اور فوری الیکشن کی ضرورت ہے۔ 75 سالوں سے حکمرانوں کی لوٹ مار اور عیاشیوں کی سزا عوام معاشی بدحالی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ عوامی اور ملکی مسائل کا واحد حل قرآن و سنت کا نظام اور محب وطن خدمت کرنے والی قیادت ہے۔قوم نے تمام سیاسی مداریوں اور دھوکے باز سیاستدانوں اور نام نہاد پارٹیوں کو آزما لیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو اسلامی معیشت دے سکتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی عدالتوں میں قرآن کا نظام نافذ کرے گی، یکساں تعلیمی نظام دے گی۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر ایک دن کے لیے بھی یہاں قرآن وسنت کا نظام نافذ نہیں ہوا۔
ضیاالدین کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک میں پرامن جمہوری جدوجہد سے اسلامی انقلاب ہے۔قوم ہمارا ساتھ دے ملک و قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور لاقونیت کے اندھیروں سے باہر نکلیں گے۔
