فیصل آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء فرخ حبیب نے کہا ہے کہ لال کاٹا بند کمروں میں نہیں لگے گا، اس کا فیصلہ عوام کریں گے، حکومت نے مہنگائی کے 70سالہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں،اگر ہوش کے ناخن نہیں لیں گے تو ملک تباہی کی طرف جائے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ محسن لغاری کے سپورٹر ز پر تشدد کروایا گیا، گرفتاریاں کی گئیں، فصلوں کو آگ لگائی گئی، ہر طرح کی ہراساں کرنے کی فضاء بنائی گئی، اس کے باوجود انتخابات کا نتیجہ آیا تو پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کو پتا ہے کہ انہوں نے اسمبلی میں نہیں جانا بلکہ عام انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں، گیس بجلی، آٹا ڈیزل پیٹرول مہنگا ہوگیا ہے۔جیل بھرو تحریک کا آج چھٹا روز ہے، کل میں گرفتاری دوں گا، ہمارے لوگوں کو جیلوں میں ان کے حقوق فراہم نہیں کئے جارہے،آپ کے سارے ہتھکنڈے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنا ہے، سب ہتھکنڈے استعمال کرلئے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ 80سالہ امجد شعیب کو گرفتار کرلیا، انہوں نے قربانیاں دیں، یہ تنقید کرنا جرم ہے؟ آئین میں لکھا کہ 90روز میں انتخابات ہونے ہیں، خود بخود آئین پر عمل ہونا چاہیئے لیکن گورنر اور الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہا، یہ کوئی پاناما کا کیس نہیں ہے، یہ قانون کی بالادستی کا کیس ہے۔
