کراچی : ملک میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر ایم کیوایم پاکستان نے این اے 239 کے ضمنی انتخابات اور 18 اپریل کوہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ ایم کیو ایم پاکستان این اے 239 کے ضمنی انتخاب اور ضمنی بلدیاتی انتخاب میں حصہ نہیں لے گی۔
ذرائع ایم کیو ایم نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے اپنے امیدواروں کو این اے 239 سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کردی ہے، این اے 239 پر ضمنی الیکشن 30 اپریل جبکہ ضمنی بلدیاتی انتخاب 18 اپریل کو منعقد ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضمنی بلدیاتی انتخاب بھی نہیں لڑےگی،ملک کسی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ملک اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے،الیکشن کے بجائے سب کو ساتھ بیٹھا کر ملک کو مسائل سے نکالنے کی ضرورت ہے، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہماری نظریں عام انتخابات پر ہیں اسکے لیے بھرپور محنت اور تیاری کررہے ہیں۔
