اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) ف کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کی بے توقیری اور تباہی کاسہرا عمران نیازی کے سر پر جا تا ہے، قوم عمران نیازی سے پوچھتی ہے کہ یہ غیر ملکی ایجنڈا نہیں تو کس کا ایجنڈا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ صدر مملکت کا منصب قومی مجرم کی خواہش پر متنازعہ بنادیا گیا، پارلیمنٹ کے منظور شدہ بل کو بدنیتی کی بنیاد پر واپس کرنا آئین کے ساتھ کھلواڑ ہے، عارف علوی باوقار منصب کے تقاضوں کو پورا نہیں کرسکتے ،استعفی دے دینا چاہئے ۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں موجودہ سیاسی معاشی اور آئینی بحرانوں میں صدر کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،سپریم کورٹ کے فیصلوں پر چوک اور چوراہوں میں تنقید ہو رہی ہے، کس کے لئے معزز عدالت کو یہاں تک پہنچایا جارہا ہے ۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی داخلی بے چینی بھی معزز عدالت کیلئے مذاق بن گئی ہے ۔ ملک کو اس مقام تک پہنچانے والوں پر بلا تفریق آرٹیکل 6 لگایا جانا چاہیے ۔ غیر ملک سپانسرڈ پروپیگنڈا کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے ۔
