کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ مولاناہدایت الرحمن بلوچ کی رہائی کی سپریم کورٹ سمیت عوامی عدالت میں بھر پور جدوجہد کریں گے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو ناکردہ گناہوں ،عوام کے حقو ق مانگنے کی سزادی جارہی ہے۔
عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے حقوق کیلئے ہر فورم پر جدوجہد جار ی رکھیں گے ۔وسائل سے مالا مال بلوچستان کو تباہ کرکے وسائل وعوام کولوٹنے والوں کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کریں گے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ مولانا کی رہائی کی احتجاج میں وسعت وسختی لائیں گے، ساحل پر ٹرالرزمافیاز، بارڈروچیک پوسٹوں پر بھتہ ولوٹ مارکر نے والوں کے خلاف ہم سب متحد ہیں ۔بلوچستان میں صحیح مردم شماری کیلئے وسائل فراہم کرتے ہوئے مزید ایک ماہ کی توسیع کی جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حقوق کی جدوجہد کو مقتدرقوتوں نے ہمیشہ ملک دشمن ایجنڈابناکر دبانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے حالات بدسے بدتر،نوجوانوں میں احساس محرومی وردعمل پید اہوا بدقسمتی سے جائز حقوق کیلئے قانونی جدوجہد کرنے والوں کی ہر آوازکوخاموش کرنے کیلئے انتشارسے تشددتک ہرحربہ استعمال کیا گیا ۔
عبدالحق ہاشمی کا کہنا تھا کہ گوادر کے حالیہ آپریشن ،مولاناہدایت الرحمان بلوچ وکارکنان پہ درجنوں جھوٹے مقدمات ،سیندک کا سودا،غیراعلانیہ فوجی آپریشن اس کی مثالیں ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی بلوچستان اورحق دوتحریک نے پرامن جمہوری جدوجہد شروع کیا اور اعلیٰ حکام باربار مذاکرات کے ذریع مطالبات تسلیم بھی کروائے لیکن انہی تسلیم شدہ مطالبات منوانے کیلئے مقتدرطبقات تیار نہیں ۔
