اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہےکہ کل اگر ہائی کورٹ نے ضمانت نہ دی تو دوبارہ گرفتار کریں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا کو نظر آگیا ہے لاڈلا کون ہے، یہ بھی بتا دوں اسے دوبارہ گرفتار کریں گے، شہدا کی یادگاروں کو جلانے پر ہر پاکستانی دل گرفتہ ہے، اس کے سیاسی اور سماجی اثرات ہوں گے، مختلف ایجنسیز کی رپورٹ پر انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سہولت کاری پوری طرح سےعیاں ہو گئی ہے، ججز نے اپنے منصب کا بھی خیال نہیں کیا، اس کے اثرات آنے والے دنوں پر مرتب ہوں گے، ججز نے کل صبح کیلئے بھی بیسٹ وشس کا اظہار کیا، ججز نے کہا رات گپیں لگائیں اور آرام سے سونا بھی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ معاملہ یہ ہے کہ اب ہائی کورٹ کیا کرے گا، ہائی کورٹ نے کہا ہے گرفتاری درست ہوئی، طریقہ کار سے متعلق کہا درست نہیں، طریقہ کار سے متعلق ایک انکوائری کا کہا ہے، اب چیف جسٹس صاحب نے کیس کو اپنے پاس بلا کر بیسٹ وشس کا اظہار کیا، میرا خیال ہے یہ اشارہ ہائی کورٹ سمجھ جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج اگر انہیں مہمان نہ بنایا جاتا تو گرفتار ہوتے، اس قدر مواد موجود ہے سارا کچھ ان کی ایما پر ہوا آج ہی گرفتار ہو سکتے تھے، بیل فار اریسٹ لے کر ہی باہر نکلیں گے، سہولت کاری ہو تو ایسی، اگر کوئی لاڈلا ہو تو ایسا ہو، میرا خیال ہے صبح اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی انہیں دیکھ کر بے پناہ خوشی ہو گی اور یہ رعایت مل جائے گی۔