ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پشاور:جماعت اسلامی کا پرامن اور خوشحا ل خیبرپختونخواہ کے عنوان سے انتخابی منشور کا اعلان 

پشاور: جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ نے جنرل الیکشن سے قبل صوبے کے زیرانتظام تقریباً40محکموں اورخودمختیاراداروں کے حوالے سے ورکنگ پیپرز کی ڈرافٹنگ کاکام مکمل کرلیا جبکہ وفاق کے زیرانتظام محکموں سے متعلق صوبہ کے حقوق کے حصول کے لئے انتخابی منشور میں جامع روٹ میپ دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسرمحمد ابراہیم خان کی خصوصی ہدایت پر سابق سینئر صوبائی اور نائب امیر صوبہ عنایت اللہ خان، صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع اور جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر میاں صہیب الدین کاکاخیل کی زیرنگرانی مختلف محکموں کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپس نے کئی مہینوں کی عرق ریزی اور محنت کے بعد تمام محکموں کے حوالے سے ورکنگ پیپرز کی ابتدائی ڈرافٹنگ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ پروفیسر محمدابراہیم خان نے گزشتہ روز نشترہال پشاور میں صوبہ بھر سے جماعت اسلامی کے نامزدامیدواران قومی وصوبائی اسمبلی کے انتخابی کنونشن کے موقع پر اعلان کیا کہ جنرل الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں جماعت اسلامی نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اوراگست میں موجودہ حکومت کا دورانیہ مکمل ہو نے کے بعد نئے جنرل الیکشن کے ساتھ ہی جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ میں اپنی شیڈو کابینہ کا اعلان بھی کردے گی ۔

سابق سینئر صوبائی وزیراور جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ ہم نے اپنے انتخابی منشور میں صحت، تعلیم،ہنگامی حالات اور قدرتی آفات،زراعت ولائیوسٹاک،معدنیات،سماجی خدمات اور فوری انصاف کے ساتھ ساتھ میرٹ کی بالادستی واحتساب اور مالی خودانحصاری پر بھرپور توجہ دی ہے جبکہ وفاقی کے ذمہ صوبے کے واجب الاداء بقایاجات کے حصول،گورننس واصلاحات کے ساتھ ساتھ خواتین جوکہ ہماری آبادی کانصف حصہ ہے ان کے جائزحقوق کے حصول کیلئے سنجیدہ اور عملی کوششیں ہماری منشور کا حصہ ہے ۔بدقسمتی سے گزشتہ حکومتوں نے خواتین کے حقوق کے محض دعوے کئے ہیں ہم اقتدار میں آکرخواتین کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنائیں گے تاکہ کابینہ میں خواتین کے حقوق کے لئے موثر آواز اٹھائی جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سب سے پہلے صوبائی سطح پر اپنا انتخابی منشور پیش کردیا ہے جبکہ ہم نے صوبہ بھر میں جنرل الیکشن کے تناظر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کی نامزدگیوں کا 60فیصد سے زائد کام بھی مکمل کرلیا ہے۔

پاکستان میں سیاسی جماعتوں اور حکومتوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے وقتافوقتا عوامی سرویز کے انعقاداور سیاسی جماعتوں اور اراکین پارلیمنٹ کی استعدادکار میں اضافے کیلئے برسرپیکار معروف ادارے پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساڑھے12کروڑ ووٹروں میں 18سال سے40سال کے درمیان عمر والے ووٹروں کی تعداد 47فیصد ہیں اور یہی وہ ایج گروپ ہے جو آنے والے جنرل الیکشن میں پاکستان کی مستقبل کی سمت کا تعین کرے گا جماعت اسلامی پہلی سیاسی جماعت ہے کہ جس نے سب سے پہلے صوبہ کی سطح پراپنا انتخابی منشور پیش کردیا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف نوجوانوں پر فوکس کیا گیا ھے بلکہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو آگے لانے کے لئے الیکشن میں امیدوار کے طور پر ٹکٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں سے ہی اس ملک اور قوم کا مستقبل وابستہ ہے اور جماعت اسلامی نے ملک میں جاری عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال میں نہ صرف اپنے ورکرزکو ایک بہتر سرگرمی فراہم کی بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لئے بھی ایک مثال قائم کردی کہ وہ بھی نئے انتخابات کی تیاریوں پر فوکس کریں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں