فلپائن کی طرف بڑھتے ماوار سمندری طوفان کی آمد سے قبل ملک کے شمالی دیہاتوں کے ہزاروں مکینوں کو علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا اور سرکاری اداروں اور اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
باتانیس کے نائب گورنر اگناکیو ویلا نے کہا ہے کہ علاقے میں متوقع ماوار طوفان کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے 4 ہزار 800 افراد کو دیہاتوں سے نکال لیا گیا ہے اور اس تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بطور حفظِ ماتقدم سرکاری ادارے اور اسکول بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔
ویلا نے کھُلے سمندر میں سفر سے پرہیز کی بھی تنبیہ کی ہے۔
حکام کے مطابق فوجی یونٹیں، پولیس، فائر بریگیڈ ، رضا کار اور امدادی ٹیمیں چوکس ہو گئی ہیں۔ بطور تدبیر ایک لاکھ افراد کے لئے ایک وقت کا کھانا بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
فلپائن سِول ڈیفنس آفس کے نائب سربراہ رافے الجینڈرو نے علاقے میں موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی وارننگ دی ہے۔