اسلام آباد: طارق ملک نے چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ بیرون ملک جانے پرپابندی عائد کردی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا، تاہم استعفےکی منظوری کافیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے چیئرمین نادرا کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے اور کابینہ ڈویژن کو طارق ملک کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کرنےکی ہدایت بھی کی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چیئرمین نادرا کے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔ طارق ملک کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین نادرا کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔
چیئرمین نادرا کے قریبی ذرائع کے مطابق طارق ملک نجی شعبے میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگا تھا، جس میں طارق ملک نے اپنے استعفیٰ منظور کیے جانے سے متعلق درخواست کی تھی۔