اطلاع ملی ہے کہ ترکیہ، شام، روس اور ایران کے نائب وزرائے خارجہ 21 جون کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ملاقات کریں گے۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک کے لیے خصوصی نمائندے اور نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانوف نے دارالحکومت ماسکو میں صحافیوں کو بتایا کہ ترکیہ اور شام کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے ترکیہ، شام، ایران اور روس کے نائب وزرائے خارجہ پر مشتمل اجلاس 21 جون کو آستانہ میں منعقد ہوگا۔
بوگدانوف نے کہا کہ روڈ میپ پر روسی منصوبہ تیار ہے۔ ہمارا کام اپنے شراکت داروں سے مشاورت کرنا اور اس کام کو آگے بڑھانا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آستانہ میں ہونے والے مذاکرات میں بڑی اہم پیش رفت ہو گی۔
ترکیہ، روس، ایران اور شام کے وزرائے خارجہ نے 10 مئی کو ماسکو میں ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے بعد ترکیہ اور شام کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ روڈ میپ کی تیاری اور اس عمل کو بتدریج آگے بڑھانے کے لیے نائب وزرائے خارجہ، وزارت دفاع اور انٹیلی جنس متعلقہ ادارے کی شرکت کے ساتھ 4 کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔