حیدرآباد: جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدرڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ عوام توبہ اور استغفار کریں تاکہ طوفان کی تباہ کاریوں سے محفوط رہ سکیں.
ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر کا کہنا تھاکہ یہ طوفان متعلقہ اداروں اور حکمرانوں کیلئے ایک آزمائش ہے کہ وہ اس بحران سے کیسے گزرتے ہیں کہیں گزشتہ سیلاب کی طرح عوام کو تحفظ اور سہولتیں دینے میں ناکام تونہیں ہوجاتے بظاہر یہ خبریں آرہی ہیں کہ کروڑوں کا فنڈز ملنے کے باوجود ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگوں کا انخلاء بھی مکمل نہیں ہوسکا ہے اور جن کاانخلاء ہوا ہے ان کو رہائش اور کھانے پینے کی سہولتیں تک میسر نہیں.
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی سننے میں آرہاہے کہ کیمپوں میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کو بھرا جارہا ہے اور کھانا بھی وافر مقدار میں نہیں دیا جارہا جس سے کیمپوں میں لوگ بھوکے مررہے ہیں حکمراں خدارا مصیبت زدہ اور متاثرہ لوگوں پر ظلم نہ ڈھائیں ان کی بھرپور مدد کر کے اپنافرض منصبی اچھے طریقہ سے ادا کریں ان مظلوموں کی دعائیں لیں ان کے ساتھ ظالمانہ سلوک کر کے ان کی بدعائیں نہ لیں