ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

فلسطین: جنین پر اسرائیلی حملے، 5 فلسطینی ہلاک 27 زخمی

مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شہرجنین پر اسرائیل مسلح افواج کے فضائی حملوں اور چھاپوں کے نتیجے میں 5 فلسطینی ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔

فلسطین وزارت صحت کے مطابق  اسرائیل کی طرف سے جنین پر فضائی حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور البرہ شہر میں اسرائیلی فوجی نے سر میں  گولی مار کے  ایک فلسطینی کو ہلاک کر دیا ہے۔

جنین پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 27 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے 7 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔  

بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے بھی جنین میں فلسطینیوں کے ایک گھر کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے کثیر تعداد میں بکتر بند گاڑیوں اور  بلڈوزروں کے ہمراہ شہر پر دھاوا بول دیا اور جنین مہاجر کیمپ کو محاصرے میں لے لیا  ہے۔

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وافا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جنین مہاجر کیمپ پر دھاوے میں فلسطینیوں کے بعض گھروں کا گھیراو کر لیا اور ایمبولینسوں کو زخمیوں تک نہیں پہنچنے دیا۔

جنین مہاجر کیمپ کے دخول و خروج کے راستے بند کر دیئے گئے اور اسرائیلی جنگی طیارے بھی شہر کی فضاوں میں پرواز کرتے رہے۔

فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ  عزت الدین القاسم بریگیڈ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ”ہم باہم متحد ہو کر جنین مہاجر کیمپ کے دفاع کی جنگ شروع کر رہے ہیں”۔

فلسطین صدارتی دفتر  کے ترجمان نبیل ابو روزینہ نے جاری کردہ تحریری بیان میں "اسرائیل کی قابض حکومت  کا جنین اور مہاجر کیمپ پر حملہ ہمارے نہتے عوام کے خلاف ایک اور جنگی جُرم ہے”۔

ابو روزینہ نے بیان میں بین الاقوامی برادری سے، یہ شرمناک خاموشی توڑنے ،فلسطینی عوام پر اسرائیلی حملوں کو بند کروانے اور اسرائیل کو ان تمام جنگی جرائم کا ذمہ دار ٹھہرانے کی، اپیل کی ہے ۔

فلسطینی وزارت خارجہ سے جاری کئے گئے بیان میں بھی ،ان خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کروانے کے لئے ، امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔

بیان میں بین الاقوامی تعزیراتی عدالت سے بھی خاموشی کو توڑنے اور اسرائیلی جنگی مجرموں سے حساب طلبی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فورسز کے غاصبانہ، جارحانہ اور استبدادی منصوبوں کا پردہ چاک کرنے کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی اور سفارتی کاروائی میں اضافہ کر دیا گیا ہے”۔

فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بھی فلسطینی سفیروں سے اپیل کی ہے کہ جن جن ممالک میں وہ فرائض منصبی سرانجام دے رہے ہیں وہاں کی وزارت خارجہ ، رائے عامہ اور ذرائع ابلاغ کے اداروں کو  اسرائیل کی طرف سے جنین میںشروع کی گئی  جنگ سے آگاہ کریں۔

فلسطین قومی موومنٹ کے سیکرٹری جنرل مصطفی برغوسی  نے کہا ہے کہ "جنین  میں جاری بربریت اور مکروہ قتل عام فلسطینی عوام کو مزاحمت سے باز نہیں رکھ سکے گا”۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں