ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

سویڈن واقعہ: جماعت اسلامی  کا جمعہ کو دنیا بھر میں یوم مذمت منانے کا اعلان

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رابطوں کے نتیجہ میں اتفاق رائے ہوا کہ المناک واقعہ کے خلاف پاکستان، ترکی، ملائیشیا، لبنان، بنگلہ دیش، مراکش ، جنوبی افریقہ سمیت پانچوں براعظموں کے مختلف ممالک میں 7 جولائی جمعتہ المبارک کو مشترکہ طور پر یوم مذمت منایا جائے گا۔

سراج الحق نے کہا  کہ   سویڈن میں قرآن کریم نہیں دو ارب مسلمانوں کے دل جلائے گئے ہیں، مساجد کے آئمہ اکرام اور شیوخ سے درخواست ہے کہ نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کی خود قیادت کریں۔

انہوں نے کہا کہ   روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور پوپ فرانسس کی جانب سے واقعہ کی مذمت پر شکرگزار ہیں، چاہتے ہیں عیسائی دنیا کے امام توہین مذاہب رکوانے کے لیے عملی کردار بھی ادا کریں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   امت مسلمہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور او آئی سی کی جانب سے لفظی بیانات کی بجائے اسلاموفوبیا کے خلاف ٹھوس حکمت عملی کی منتظر ہے۔ نائن الیون کے بعدقرآن کریم کی مانگ میں بے پناہ اضافہ کے ردعمل کے طور پر نفسیاتی مریضوں اور مذہبی دہشت گردوں کی جانب سے اسلام پر حملوں کا منظم سلسلہ شروع ہوگیا جس سے دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ   سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی ایک فرد کا مسئلہ نہیں، عید اور حج کے ایام کے دوران جب کروڑوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں مصروف تھے اور انسانیت کی بھلائی کے لیے دعائیں کی جارہی تھیں، سرکاری سرپرستی میں عظیم سانحہ رونما ہوا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ   قرآن کریم روشنی ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے لی ہے، غلیظ حرکات سے یہ نور ختم نہیں ہوگا، نوجوان قرآن کریم کو ترجمہ سے پڑھیں اور زیادہ سے زیادہ تلاوت کی عادت اپنائیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں