حیدرآباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے لیے بروقت صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ قومی انتخابات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ اور فرسودہ نظام نے تیل گیس کوئلہ اور زراعت کی دولت سے مالا مال سندھ کو تباہ اور ملک کے پورے سسٹم کو ناکارہ بنادیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاسی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے قومی ترجیحات پر مل بیٹھ کر ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کا قصہ تمام کردیاہے آئندہ انتخابات میں اپنے منشور اور نشان سے حصہ اور سندھ سمیت قوم دیانتدار مخلص اور اہل قیادت منتخب کرنے کا موقع دے گی۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح اسلام و پاکستان اور عوام کی فلاح وخدمت ہے۔9 مئی کے سانحات پر پوری قوم رنجیدہ ہے ملک کو بدنام اور افواج پاکستان کی تذلیل کرنے والوں اور اس کے ماسٹر مائنڈ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں مگر اس کی آڑ میں پولیٹیکل انجینرنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر انتخابات سے راہ فرار اختیار اور سیاسی انجنئیرنگ کرنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی بھرپور مزاحمت کرے گی، جماعت اسلامی ترازو نشان پر پورے پاکستان سے 50 لاکھ ووٹ لینے کا ہدف رکھتی ہے۔ہر جدوجہد وقت مال اور جان کی قربانی چاہتی ہے۔جماعت اسلامی نے ہر کارکن پر کم از کم 20 ہزار روپے الیکشن فنڈ مقرر کیا ہے۔جماعت اسلامی نے عام انتخابات میں 40 فیصد نوجوان اور 5 فیصد خواتین امیدواران کو نامزکیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دستک مہم کے ذریعے گھر گھر جا کر عوام الناس تک جماعت کی دعوت و پیغام پہنچائیں کہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک و قوم کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔