واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیرسردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی قوم روئے زمین پر سب سے زیادہ انسان دوست اور فلاحی سرگرمیوں کے لئے عطیات دینے والی قوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی-امریکی بھی اسی خصوصیت کے مالک ہیں۔ ان کی اوسط آمدنی خصوصا متوسط طبقے کی خاطر خواہ ہے۔ وہ نہ صرف اپنے ہم وطنوں بلکہ دیگر برادریوں کے لئے بھی دل کھول کر عطیات دیتے ہیں ۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے یہ بات عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی اور اسکواش کی دنیا پر برسوں راج کرنے والے لیجنڈ چیمپیئن جہانگیر خان سے پاک سفارت خانہ واشنگٹن میں ملاقات کے دوران کہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ شاہد آفریدی نے کشمیر پریمیئر لیگ کے انعقاد کے ضمن میں متحرک کردار ادا کیا۔ اس اقدام کے حوالے سے اندرونی اور بیرونی سطح پر بے حد مشکلات تھیں لیکن شاہد آفریدی کی ذاتی کاوش اور اثر و رسوخ کی وجہ سے یہ ایونٹ کامیاب ہوا۔
تعلیم، پانی ، صحت اور غربت کے خاتمے میں فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے سفیر نے کہا کہ فاؤنڈیشن معاشرے کے انتہائی غریب اور پسماندہ طبقات کی مدد کر رہی ہے۔ جہانگیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ قوم ان سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے نام جہانگیر خان کے نام پر رکھے جاتے ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ شاہد آفریدی اور جہانگیر خان کھیلوں کے ہیروز اپنی بے لوث خدمات کی بدولت انسانیت کے ہیرو بن چکے ہیں۔
