دمشق: شام میں فوج کے قافلے پر داعش کے حملے میں 23 اہل کار ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صوبہ دیرالزور میں مرکزی شاہراہ سے عسکری گاڑی گزر رہی تھی جسے داعش نے حملے کا ہدف بنایا۔ اس موقع پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ اتنا اچانک کیا گیا کہ فوجی قافلے کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
داعش کے حملے میں شامی فوج کی بس گولیوں سے چھلنی ہوگئی جس میں 23 اہلکار ہلاک اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں داعش جنگجو شامی فوج کا اسلحہ اپنے ساتھ لے گئے جب کہ کئی فوجیوں کی لاپتا ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
حملے کے بعد شامی فوج کی مزید نفری کو طلب کرکے امدادی کارروائی کی گئی اور حملہ آوروں کی تلاش میں چھاپا مار کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
