فیصل آباد: جماعت اسلامی فیصل آباد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں کسی ایک فرد کی غلطی کی سزا پوری کمیونٹی کو نہیں دی جا سکتی،جڑانوالہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات قابل مذمت ہیں۔
جماعت اسلامی کے راہنمائوں سردارظفرحسین خاں، پروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے جڑانوالہ میں ہونے والے پرتشدد واقعات کو قابل مذمت اور اسلامی تعلیمات کے منافی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے اور کسی کو بھی دوسرے مذاہب کی عبادت گاہوں کو جلانے، ان کی بے حرمتی کرنے، لوگوں کے گھر اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیتا۔
مشترکہ بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں۔کسی ایک فرد کی غلطی کی سزا پوری کمیونٹی کو نہیں دی جا سکتی۔ایسا کرنے والے ظالم اور اسلامی تعلیمات سے ناآشنا ہیں۔انہوںنے کہا کہ سانحہ پر پولیس اور انتظامیہ نے اپناکردارادانہیں کیا۔اگر فوری پر سانحہ کے ذمہ داران کو گرفتارکرلیا جاتا اور توڑپھوڑکرنے والوں کی بروقت گرفتار کرلیا جاتا توحالات اس قدرسنگین نہ ہوتے لیکن پولیس اور انتظامیہ نے روائتی سستی کا مظاہرہ کیا جس کی سزاغریب مسیحی کمیونٹی کو بھگتنا پڑی۔
جماعت اسلامی کے راہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی و صوبائی نگران حکومتیں اور سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ مسیحی عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور واقعہ کی اعلیٰ سطحی شفاف تحقیقات کرواکے ذمہ داران کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔مظلوم مسیحی بھائیوں کے مالی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔
