اسلام آباد:اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 8کاروائیوں میں 266 کلوگرام سے زائد منشیات اور 20250 لیٹر ممنوعہ کیمیکل برآمد کر کے 5 ملزمان کوگرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں گاڑی سے 30 کلو افیون اور 100 کلو 800 گرام چرس برآمد کر لی،گاڑی سے ایک عدد نائن ایم ایم اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کر لی۔
کارروائی کے دوران صوابی کا رہائشی ملزم موقع پر گرفتار کر لیا۔کری روڈ اسلام آباد پر کراچی کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد اورکراچی میں واقع کوریئر آفس میں دو پارسلز سے مجموعی طور پر 1 کلو 320 گرام آئس برآمد کر لیے، مذکورہ پارسل ہانگ کانگ اور بحرین کے لئے بک کئے گئے تھے۔
کراچی میںشاہراہِ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں بحرین بھیجے جانیوالے پارسل سے 270 گرام آئس برآمد کر لی جبکہ حب کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 122 کلو چرس بھی برآمد کی۔ 2ملزمان منشیات کوئٹہ سے کراچی سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لئے گئے۔
ترجمان کے مطابق چمن سے 15000 لٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ اور 5250 لٹر گندھک کا تیزاب برآمد کیا گیا ،مذکورہ کیمیکل کلی عبد الرحمن میں اسمگلنگ کی غرض سے چھپایا گیا تھا۔
پشاورایئرپورٹ پر کارروائی میں ملزم کے پیٹ سے 50 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد،پشاور کا رہائشی ملزم پرواز نمبر GF-787 کے ذریعے بحرین کے لئے روانہ ہو رہا تھا۔
خیبر کے علاقے زخا خیل سے اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی ،گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
