لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بجلی بلوں کے نادہندگان سرکاری اداروں سے بھی بجلی بلوں کی ریکوری کی جائے، حکومت بجلی چوری وزیر اعظم ہاوس، پارلیمنٹ ہاوس، دفتر خارجہ، ایف بی آر، کابینہ بلاک، سندھ ہاوس سمیت دیگر حکومتی ادارے بجلی بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کے نادہندگان ہیں۔
ضیا الدین انصاری نے کہاکہ چند ہزار بجلی کے بل کی عدم ادائیگی پر عام شہری کا بجلی کا میڑ کاٹ لیا جاتا ہے جبکہ سرکاری اداروں اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ذمہ اربوں کے واجبات ہیں، بجلی کے عام صارفین پر بوجھ ڈالنے کی بجائے بجلی کی مفت خوری اور چوری روکی جائے اورعوام کا خون نچوڑنا بند کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ مراعات یافتہ طبقہ اپنی مراعات کم کرنے کو بالکل تیاری نہیں سارا زور عوام کا خون نچوڑنے پر لگایا جارہا ہے، نگران حکومت آئی پیز معاہدوں پر فوری نظر ثانی کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے اربوں کی ریکوری کرے۔