اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ نگران حکمران کھل کر اہل فلسطین کی حمایت کا اعلان کر یں، قائد اعظم نے اسرائیل ایک ناجائز ریاست قرار دیا تھا ،جو کہ استعماری طاقتوں کی پشت پناہی اور معاہدے کے تحت اہل فلسطین پر مسلط کیا گیا ہے ، 50سال سے اسرائیلی فوج فلسطینیوں پر ظلم اور ستم ڈھا رہے ہیں۔
میاں محمد اسلم نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اسر ائیل کے خلاف اور فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیا ہے اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں ملک بھر میں ریلیاں اور ملین مارچ منعقد کیے جا ئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کہتے ہیں یہ دو ریاستوں کی جنگ ہے جبکہ ہم کہتے ہیں کہ یہ دو ریاستوں کی جنگ نہیں اس مسئلے کا حل صرف یہ ہے کہ اسرائیل کی ناجائز اور ناپاک ریاست کا خاتمہ کیا جا ئے ، اس وقت سارا کفر اس ناجائز ریاست کی پشت پر آکر کھڑا ہو گیا ہے ، امریکا ، بر طانیہ ،یورپی یونین ، امریکہ نے اسرائیل کی مدد کے لیے بحری بیڑابھیج دیا جو کہ انشاء اللہ تباہ ہو کر رہے گا۔
