مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حما س نے شہر خالی کرنے کی مہلت ختم ہو جانے کے بعد عسقلان پر راکٹ برسا دیے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیلی شہر عسقلان کو خالی کرنے کے لیے منگل کی شام تک کی مہلت دی تھی، جس کی میعاد پوری ہونے کے بعد غزہ سے بڑی تعداد میں راکٹ داغ دیے گئے۔
علاوہ ازیں فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ کو بم باری کا نشانہ بنانے کے جواب میں حماس کی جانب سے صہیونی ریاست کے بن گورین ائرپورٹ اور تل ابیب پر بھی راکٹ داغے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ائرلائنز نے اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں بھی معطل کردی ہیں۔
قبل ازیں القسام بریگیڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صہیونی فوج غزہ کے علاقوں میں بم باری کرکے فلسطینیوں کو بے گھر اور شہید کررہی ہے، جس کے جواب میں عسقلان شہر پر وہاں کے باسیوں کو انخلا کی مہلت دیے جانے کے بعد بم باری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ناکا بندی اور حملوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو عسقلان کے بعد دیگر علاقے بھی حماس کے نشانے پر ہوں گے۔
واضح رہے کہ صہیونی ریاست کی قابض فوج کےا سرائیلی علاقوں اور غزہ پر حملوں اور بم باری میں اب تک 140 معصوم بچوں سمیت 700 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ حماس کی مزاحمتی کارروائیوں میں ایک ہزار سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں۔