ملتان:جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطین والے معاملے پر پاکستان کو مبہم نہیں ہونا چاہیے،ایک زمانے میں پاکستان نے اسرائیل کے جہاز گرائے تھے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ الیکشن کل کرا دیں تو ہم کل بھی تیار ہیں، الیکشن جنوری کے آخر میں ہوں گے تو آدھے ملک میں تو برفباری ہورہی ہوگی، طالبان نے نئی نئی حکومت سنبھالی ہے، ہمارے ہاں بڑا تجربہ ہے، ہمیں اپنے طریقے سے معاملات طے کرنے چاہئیں۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ75سال سے اسرائیل نے فلسطین کی زمین قبضہ جمایا ہوا ہے، امریکا اور مغربی قوتیں انکی پشت پر رہی ہیں، انہوں نے ایک دفعہ بھی انسانی حقوق کی بات نہیں کی، تمام مظالم کے بعد غزہ سے اسرائیل کی طرف پیش قدمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین نے جس ہمت کے ساتھ اپنی زمین کی حفاظت کی ہے تمام امت مسلمہ کو انکے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے، افغانیوں کے ساتھ جو رویہ رکھا گیا وہ ہماری روایت کے برعکس ہے۔