کابل: پاکستان کو مطلوب ٹی ٹی پی کمانڈر افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغان صوبے کنڑ میں کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کا سینئر کمانڈر جو کہ پاکستان کو مطلوب تھا، فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والا کمانڈر ٹی ٹی پی لکی مروت عتیق الرحمٰن عرف ٹیپو گل کے پی کے میں پولیس کے علاوہ کئی سیکورٹی اہل کاروں کے قتل میں پاکستانی فورسز کو مطلوب تھا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے اندرونی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مارے گئے ٹی ٹی پی کمانڈر عتیق الرحمٰن نے سیکورٹی اہل کاروں کے خلاف کئی حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
قبل ازیں فروری میں کے پی کے پولیس نے ایک آپریشن کے دوران عتیق الرحمن سمیت 12 ٹی ٹی پی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا، جس کی کالعدم تنظیم نے تردید کردی تھی، تاہم آج فائرنگ کے تبادلے میں ٹی ٹی پی کی جانب سے کمانڈر کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔