پشاور:امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ مسلمان حکمران راستہ دیں،ہم فلسطینی مجاہدین کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں، فلسطین کی آزادی کے راستے میں سب سے بڑی رکاٹ ہمارے حکمرانوں کی بے غیرتی اور بے حمیتی ہے۔
پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ حکمرانوں میں غیرت پیدا ہوجائے تو یہودی ایک دن بھی فلسطین پر قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتے، فلسطین کا قبضہ چھڑانے کے لیے ہم تیار ہیں، اسرائیل میں بسنے والے یہودی مکمل طور پر ٹرینڈ ہیں، انہیں عام شہری نہیں کہا جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ فلسطین کے مجاہدین کو یقین دلاتے ہیں کہ یہودیوں کو واپس اپنے ممالک واپس جانے پر مجبور کریں گے، بالفورمعاہدے کے تحت سازش کرکے اسرائیل کو امت مسلمہ کے قلب میں پیوست کردیا گیا۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا کوئی وجود نہیں ہے، یہ ناجائز اور غاصب ریاست ہے۔ ہمارا جہاد جاری رہے گا، الخدمت فانڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے امداد بھجوا دی ہے۔