اسلام آباد: پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کے لیے دی گئی مہلت میں 12 دن باقی رہ گئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن 31 اکتوبر کو پوری ہو جائے گی، اس کے بعد ملک میں غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی ملک بدری یقینی بنائیں گے۔
واضح رہے کہ نگراں حکومت کی جانب سے معاشی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات میں سے ایک غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم بھی شامل ہے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے 31 اکتوبر تک کی مہلت دی گئی ہے اور 18 اکتوبر تک 3 ہزار 76 افغان باشندے پاکستان سے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں، جن میں 600 سے زائد مرد، تقریباً 500 خواتین اور تقریباً 2 ہزار بچے شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے بذریعہ طور خم بارڈر اور چمن بارڈر واپس جا رہے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر 48 ہزار 508 افغان پناہ گزینوں کی واپسی ہوچکی ہے۔