اسلام آباد: توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی ضمانت بحالی کی اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل اور توشہ خانہ کی نیب تحقیقات سے متعلق مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت بحال کرنے کی اپیل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری توشہ خانہ تحقیقات اور 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کی سماعت کریں گے۔ اس سلسلے میں عدالت نے الیکشن کمیشن کو اپیل کے حوالے سے نوٹسز بھی جاری کررکھے ہیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 5 اگست کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے جب کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سزا معطلی کے بعد ضمانت پر ہیں۔ احتساب عدالت نے عدم پیروی پر چیئرمین پی ٹی آئی کی نیب کیسوں میں ضمانت خارج کر دی تھی۔