لکھنؤ: ورلڈ کپ کے میچ میں نیدرلینڈز کو افغانستان کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست ہوگئی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں جاری عالمی کرکٹ کپ کے 34 ویں میچ میں نیدرلینڈز کو افغانستان نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا 180 رنز کا ہدف افغانستان کی ٹیم نے 32 ویں اوورز میں مکمل کرلیا جب کہ اس کی صرف 3 وکٹوں کا نقصان ہوا۔
افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے 56 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ رحمت شاہ نے 50 رنز، ابراہیم زدران نے 20، رحمان اللہ گربز نے 10 رنز بنائے۔ عظمت اللہ عمرزئی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیدرلینڈز کے لوگن وین بیک، وین ڈر مرو اور ثاقب ذالفقار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.2 اوورز میں 179 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔