اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی، چیف الیکشن کمیشنرنے نگران وزیرِاعظم کو آگاہ کردیا ہے۔
ای سی پی کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی نگران وزیرِاعظم انورالحق کاکڑ سے وزیراعظم ہاوس میں ملاقات ہوئی۔
چیف الیکشن کمیشنرنے وزیرِاعظم کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کرانے کے لیے تمام ضروری تیاری کر لی ہے۔ پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ اسٹاف کی فہرستیں تیار کر لی گئی ہیں اور الیکشن مٹیریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔
نیز انتخابی فہرستوں پر (Updation )اپ ڈیٹیشن کا کام بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن بر وقت انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول کے جاری کرنے کا کماحقہ پابند ہے۔