لاہور: ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے تحت تمام جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا موقع دیا جانا چاہیے، تاہم 9 مئی کے پودے کی آبیاری نہیں ہونی چاہیے۔
صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے عمران خان اور نواز شریف کو انصاف ملنا چاہیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کون ملک کا خیر خواہ ہے۔ اگر کوئی مجرم ہو تو اسے سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا مطلب یہ ہے کہ تمام آئینی ادارے آئین میں دی گئی اپنی حدود میں رہتے ہوئے ذمے داریاں ادا کریں۔ انتخابی میدان میں اترنے کے لیے لیول پلیئنگ فیلڈ سب کو ملنی چاہیے مگر 9 مئی کے پودے کی آبیاری نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کو نواز شریف کی ضرورت ہے، لہٰذا ان کے مقدمات کا فیصلہ جلد کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اپیل کی کے نواز شریف کے مقدمات کی تاریخ مقرر کی جائے۔ اداروں سے درخواست ہے کہ ایسا تاثر قائم نہ ہو جس سے احساس ہو کہ انتخابات کا انعقاد منصفانہ نہیں ہورہا۔
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو حساس تنصیبات پر حملہ ہوا تو کیا وہ سیاسی کارکن تھے یا دہشت گرد تھے، ماسٹر مائنڈ دہشت گرد تھا یا سیاستدان تھا، میانوالی ائربیس پر حملہ کرنے والوں کو کہیں گے کہ معاف کردو تو ایسا نہیں ہونے دیں گے۔