ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مسلمان حکمران پونے 2 ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں، سراج الحق

استنبول: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے ہیں۔ مسلمان حکمران پونے 2 ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں۔

ترکی میں اتحاد العالمی للعلما المسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ریاض میں جاری او آئی سی سربراہی اجلاس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نازک موقع پر مسلمان حکمران پونے دو ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں، اقتدار عوام کی امانت ہے، یہ ہمیشہ نہیں رہے گا، لیکن آیندہ نسلیں اور تاریخ انھیں اسی حوالے سے یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو 35روز گزر گئے، بچوں اور خواتین کو بے دریغ قتل کیا جا رہا ہے، اسپتال، اسکول محفوظ نہیں، اسرائیلی سفاکیت کو روکنے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔ او آئی سی ایسے اعلانات کرے جس سے پوری امت مسلمہ کی حوصلہ افزائی ہو۔

الاتحاد العالمی للعلما المسلمین کے اجلاس سے سیکرٹری جنرل علی محی الدین القرہ داغی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں ترکی، ایران، افغانستان، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کی تحریکوں کے قائدین اور نامور علمائے کرام شرکت کر رہے ہیں۔ شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی، زخمیوں کی طبی امداد اور عالمی امداد کی رسائی کے مطالبات کیے۔

سراج الحق نے کہا کہ ریاض میں جاری اسلامی سربراہی کانفرنس میں حماس کی قیادت کو بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ رفح کراسنگ کھول کر وہاں فی الفور ایمرجنسی بنیادوں پر اسپتال تعمیر کیا جائے، فلسطینیوں کی سیکورٹی کا بندوبست کرنا اسلامی ممالک کی ذمے داری ہے، مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے امت ایک ہو جائے۔

امیر جماعت نے شرکا کو بتایا کہ جماعت اسلامی اپنے تئیں پاکستان میں رائے عامہ کی ہمواری کے لیے فلسطین کا مقدمہ پوری جرأت سے لڑ رہی ہے۔ ہم نے ملک کے بڑے شہروں میں غزہ ملین مارچز نکالے اور اب 19نومبر کو لاہور میں ایک تاریخ ساز فلسطین یکجہتی مارچ کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کی سیاسی قیادت کو قومی فلسطین کانفرنس میں مدعو کیا، القدس کمیٹی تشکیل دی جس نے اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات کر کے انہیں پاکستانی عوام کے جذبات سے آگاہ کیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود کہ پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہو چکا ہے، لیکن جماعت اسلامی نے سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ فلسطین کو فوکس کیا ہوا ہے۔ علمائے کرام اور اسلامی تحریکیں اپنے اپنے ممالک میں امت کے اتحاد کے لیے کاوشیں کریں، اسی سے ہی سے ہم اپنا کھویا ہوا عظیم ماضی حاصل کر سکتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ امریکا اور مغرب کی حکومتوں کی جانب سے اسرائیل کی بھی حمایت نہ صرف مسلمانوں بلکہ انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے ہر انسان کے لیے تکلیف دہ ہے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضہ کیا اور 7 دہائیوں سے ان کے قتل عام میں ملوث ہے، لاکھوں فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ کر بیرون ممالک کیمپوں میں زندگیاں گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اہل فلسطین کو ان کا حق دلائے، اقوام متحدہ اپنی ذمے داری ادا کرے۔ دنیا میں انصاف کو نظرانداز کرکے ظالم کی مدد ہوتی رہی تو اس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں