لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 5 سابق ارکان نے شمولیت اختیار کرلی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے صدر او رسابق وزیراعظم شہباز شریف سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سابق ارکان نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔
شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں سابق رکن قومی اسمبلی سردار منصب ڈوگر، فاروق رضا مانیکا، نظام الدین سیالوی، سابق رکن صوبائی اسمبلی آصف عباس اور میاں ماجد نواز شامل تھے۔ ن لیگ میں شامل ہونے والے سابق ارکان اسمبلی نے کہا کہ وہ پارٹی قائد نواز شریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، شیخ فیاض الدین، عطا تارڑ، رانا ارادت حسین، احمد رضا مانیکا، آصف سعید منہیس، سعود مجید اور دیگر بھی موجود تھے۔
شہبازشریف نے پارٹی میں شمولیت پر سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا سفر مزید تیز ہوگا، مسلم لیگ (ن) ایک گھر کی طرح ہے جس میں سب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔