کولکتہ: کرکٹ عالمی کپ میں انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت کے شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے 44 ویں اہم میچ میں قومی ٹیم نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 14 اوورز میں 61 رنز بنا لیے ہیں۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس میں اس نے 50 اوورز میں 337 رنز بنائے اور اس کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم کے اوپنرز کی جانب سے ابتدا ہی میں 82 رنز کا بہترین آغاز دیا گیا۔ بعد ازاں ڈیوڈ ملان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جونی بیرسٹو نے 59 رنز بنائے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بین اسٹوکس اور جو روٹ نے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی، جس میں بین اسٹوکس کے 11 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ انہوں نے 84 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جوروٹ نے 60 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔انگلش کپتان جوز بٹلر 27، ہیری بروک 30، معین علی 8، ڈیوڈ ولی 15 اور گس ایٹکنسن 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے 2، 2 جب کہ افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔