ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ امن مذاکرات کیے جائیں۔
سعودی ولی عہد نے برکس کی ورچول کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جامع اور ٹھوس عمل شروع کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اسرائیل کو اسلحے کی سپلائی بند کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک امن کا قیام ناگزیر ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔
سعودی ولی عہد نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں، اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں بچے، خواتین اور معصوم شہری مارے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ برکس ورچول سربراہ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت سعودیہ، متحدہ عرب امارات، چین، مصر، روس، برازیل، انڈیا، جنوبی افریقا، ارجنٹائن، ایتھوپیا اور ایران شریک ہیں۔