ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

جماعت اسلامی کا عوام کو تحفہ:  حافظ نعیم الرحمن نے 5 پارکوں کا افتتاح کر دیا

کراچی:جماعت اسلامی کے نارتھ ناظم آباد کے ٹاؤن چیئرمین عاطف علی خان اور ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین مظفر علی کا عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ، امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے دونوں ٹاؤنز میں ایک ہی دن میں 5پارکوں کا افتتاح کردیا۔

 علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں اور شاندار کارکردگی پر زبردست خیر مقدم کیا،حافظ نعیم الرحمن نے دونوں ٹاؤنز چیئرمینوں کی عوامی خدمت اور کارکردگی پر ان کو مبارکباد دی ۔

تفصیلات کے مطابق طویل عرصے سے بدحال پارکس کی ازسر نو بحالی اور تزئین وآرائش کے بعد بدھ کو باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ، ان میں ناظم آباد ماڈل پارک بالمقابل الخدمت اسپتال ،ذیشان حیدر پارک ناظم آباد نمبر 1، شالامار پارک ناظم آباد گول مارکیٹ فیملی پارک بلاک Nاور خوشبو لیڈیز پارک بلاک Aنارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مذکورہ افسران کی کوششوں کو بھی سراہا اور علاقے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم دونوں نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد اورشہریوں کااستحصال کیا ہے، جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کا حق حاصل حاصل کر کے رہے گی ۔ایم کیوا یم رجیم چینج کے موقع پر پی ڈی ایم کے ساتھ تھی، نواز لیگ اور پیپلزپارٹی بھی اس میں شامل تھیں۔

انہوں نے کہاکہ  ایم کیوا یم نے 16ماہ میں وہ آئینی ترمیم کیوں نہیں کی جس کی اب بات کررہی ہے ۔آج اگر ایم کیو ایم کو اعتراض ہے تو اسے خود اپنے آپ کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔ایم کیوا یم نے ہمیشہ کراچی کے عوام کا مینڈیٹ فروخت کیا ہے اور جو کچھ بھی ہوتا رہا ہے ایم کیوا یم کی مرضی سے ہی ہوتا رہا ہے ، ایم کیوا یم ہر حکومت کا حصہ رہی ہے اب عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ   پیپلزپارٹی بھی صوبائی خود مختاری اور این ایف سی ایوارڈ کی بہت بات کرتی ہے لیکن پی ایف سی ایوارڈ جاری کرنے پر کبھی تیار نہیں ہوتی اور کراچی کا حق نہیں دیتی ۔جماعت اسلامی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اہل کراچی کی نمائندگی کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی بڑی تعداد میں ووٹ دے کر کامیاب کریں گے، اہل ناظم آبا دکے لیے پر مسرت موقع ہے جہاں ماڈل پارک تعمیر کیا گیا ہے۔آج سے 20 سال قبل سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے اسی ماڈل پارک کا افتتاح کیاتھا۔اہلیان ناظم آباد اور جماعت اسلامی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے شہریوں کے لیے 5 پارکس از سر نو بحال کیے ،آج ہم سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کو یاد کررہے ہیں جنہوں نے شہر میں بے مثال خدمات سرانجام دیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں